جموں وکشمیر کے سوناواری کے مختلف علاقوں میں سب سینٹرز (طبی مراکز) پرمسلسل اسٹاف کی غیر حاضری سے سینٹر بند رہتے ہیں جس سے مقامی لوگ کافی پریشان ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں تعینات طبی عملے اکثر غفلت شعاری سے کام لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں ہسپتال تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن کچھ سال قبل مختلف علاقوں میں ہیلتھ سینٹرز کا قیام عمل میں آیا جو کہ ایک خوش آئیند بات تھی۔
تاہم اب یہ مراکز صرف نام کے رہ چکے ہیں کیونکہ ان مراکز پہ تعینات طبی و نیم طبی عملہ اکثر غیر حاضر رہتے ہیں۔ اس دوران اگر کوئی ایمرجنسی نوعیت کا معاملہ پیش آتا ہے تو عملے کی غیر موجودگی سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کی ٹیم نے مختلف ایسے مراکز کا جائزہ لیا اور اکثر طبی مراکز کو بند پایا۔ جس کے بعد ای ٹی وی بھارت نے سب ضلع مجسٹریٹ ایس ڈی ایم سمبل سید شاہنواز بخاری کی نوٹس میں یہ بات لائی۔
سید شاہنواز نے فوراً ایک ٹیم نائب تحصیلدار سمبل محمد حیات کی قیادت میں روانہ کی اور شلوت، رکھ شلوت، انکھلو سوناواری کے طبی مراکز پر چھاپے مارے- اس دوران انہوں نے تینوں طبی مراکز کو بند پایا گیا اور طبی عملے کو بھی غیر حاضر پایا۔
نائب تحصیلدار سمبل محمد حیات نے کہا کہ جن ملازمین کوغیر حاضر پایا گیا ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
بلاک میڈیکل افسر ڈاکٹر زرارا نے کہا کہ وہ ایسے عملے کے خلاف کاروائی کریں گے جو طبی مراکز پر ڈیوٹی کے بجائے گھر میں بیٹھے تھے-