جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں پولیس نے ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کر کے اُس کے قبضہ سے ساڑھے چار سو گرام چرس برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے ۔
اے ایس پی ڈوڈہ ماسٹر پوپسی نے بتایا کہ چوک دھار پولیس انچارج اے ایس آئی افضل نے ڈپٹی ایس پی ایچ ڈوڈہ، جسونت سنگھ کی نگرانی میں بھرت روڈ پر مصدقہ اطلاع ملنے پر ناکہ بندی کی اور چیکنگ کے دوران ایک پلسر موٹر سائیکل کو معمول کی چیکنگ کے لئے روکا گیا۔
پولیس کے مطابق چیکنگ کے دوران بائیک سوار سے 450 گرام چرس کے 24 چولیاں (رولز) کالے رنگ کے بیگ سے برآمد ہوئے۔ ملزم ایاز احمد ولد محمد شفیع ادھیان پور ڈوڈہ کا رہنے والا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم منشیات کا سامان لے کر جارہا تھا جبکہ ادھیان پور ڈوڈہ کے ہی رہنے والے اس کے دو ساتھی زبیر احمد ولد محمد شفیع اور اعجاز احمد ولد حبیب اللہ موٹر سائیکل سے چھلانگ لگا کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
پولیس نے موقع پر ممنوعہ مادہ کے ساتھ گاڑی کوضبط کر لیا ہے۔ پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے اور اس معاملے کی تفتیش جاری ہے۔