ای ٹی وی بھارت کو رائے دہندگان نے بتایا کہ گزشتہ حکومتوں نے انہیں ہمیشہ نظر اندار کیا ہے جس کی وجہ سے سیاست دانوں پر ان کا بھروسہ ختم ہو چکا ہے لیکن ڈی ڈی سی انتخابات میں وہ آزمائشی طور حصہ لے رہے ہیں اور اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرکے وہ ایک بہتر نمائندے کا انتخاب کریں گے، جو ان کے مسائل و مطالبات کو پورا کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکے۔
واضح رہے کہ جنوبی کشمیر کے چاروں اضلاع میں ڈی ڈی سی انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلہ کی ووٹنگ سخت سکیورٹی کے درمیان صبح سات بجے شروع ہو گئی ہے۔ جنوبی کشمیر کے سات بلاکس میں آج ووٹنگ ہو رہی ہے جہاں 17 خواتین سمیت کل 38 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
جنوبی کشمیر کے جن بلاکس میں انتخابات ہو رہے ہیں، ان میں اننت ناگ کا بجبہاڑہ، کولگام کا کیموہ - اے اور بی، پلوامہ کا پانپور، کاکہ پورہ بی، شوپیاں کا زینہ پورہ اے اور بی شامل ہے۔ پامپور، کیموہ اے، کاکہ پورہ بی اور زینہ پورہ اے کی نشستیں خواتین کے لئے مخصوص رکھی گئی ہیں۔
تمام پولنگ مراکز پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں اور حساس مقامات پر سکیورٹی کی اضافی دستے قائم کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹا جا سکے۔