گاندربل: جموں و کشمیر کے گاندربل میں غیرقانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کو لے کر مقامی باشندوں میں غم وغصہ پایا جا رہا ہے۔ اسی درمیان اپنی پارٹی نے احتجاج کرتے ہوئے ایل جی انتظامیہ سے بلڈوزر کارروائی جلد سے جلد ورک لگانے کا مطالبہ کیا۔ گاندربل میں اپنی پارٹی کے کارکنوں نے ضلع صدر جاوید احمد میر کی سربراہی میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر بلڈزور مہم روکنے کے خلاف نعرے تحریر تھے۔ نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران گاندربل ضلع صدر جاوید احمد نے کہا کہ سرکار نے وعدہ کیا تھا کہ غریبوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی لیکن محکمہ کے اہلکار ایل جی انتظامیہ کے حکم کو ماننے کے لیے تیار نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:Railway Land پلوامہ کے کاکاپورہ علاقے میں ریلوے کی زمین سے قبضوں کو ہٹایا گیا
انہوں نے بتایا کہ جمہوریت میں جو سرکار ہوتی ہے وہ لوگوں کی فلاح و بہبود اور خوشی کے لیے کام کر تی ہیں لیکن یہاں پر اس کے برعکس ہو رہا ہے۔ اس سے عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ ایل جی منوج سنہا نے واضح کیا تھا کہ غیرقانونی تجاوزات کے خلاف جاری کارروائی سے غریبوں کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ لیکن بلڈوزر مہم کے دوران غریبوں کو بھی ہدھ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس مہم پر فوری طور پر روک لگنی چاہیے۔ واضح رہے کہ جموں کشمیر میں پچھلے ایک ماہ سے محکمہ مال کی طرف سے لگاتار ان لوگوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ،جنہوں نے پچھلے کئی سال کے نامساعد حالات کے دوران سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے تعمیرات کھڑے کۓ ہیں۔