پولیس کے مطابق ان تینوں طلباء نے پلوامہ حملے کی پہلی برسی کے موقع پر ایک ویڈیو بنایا تھا جس میں وہ مبینہ طور پر 'پاکستان زندہ باد'، 'ہم آزادی چاہتے ہیں' اور 'فری کشمیر' کے نعرے لگا رہے ہیں'۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے تینوں طلباءکو گرفتار کیا تھا۔
گذشتہ روز سیکنڈ جوائنٹ مجسٹریٹ فرسٹ کلاس (جے ایم ایف سی) عدالت نے تین طلباء ، جن کی شناخت باسط عاشق صوفی (19)، طالب ماجد (19) اور عامر محی الدین (23) کے نام سے ہوئی ہے کو اس معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے 28 فروری تک پولیس تحویل میں بھیج دیا۔
عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ پوچھ گچھ سے پہلے ملزم کا طبی معائنے کروائے اور اگلی سماعت سے قبل عدالت میں میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی پیش کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں تینوں کشمیری طلباء کو ہبلی سب جیل سے بیلگام ہندالگا جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔
پولیس نے کہا تھا کہ گوکول روڈ پولیس اسٹیشن میں درج ملک سے غداری کا مقدمہ اب دیہی تھانے میں منتقل کردیا گیا کیونکہ ویڈیو ریکارڈنگ کالج ہاسٹل کے کمرے میں کی گئی تھی جو دیہی تھانے کے دائرہ اختیار میں ہے۔