شملہ: ریاست ہماچل پردیش کے شملہ ضلع کے روہڑو سب ڈویژن میں ایک کار کے کھائی میں گر جانے سے دو نوجوانوں کی موت ہو گئی۔ ایک نوجوان کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دوسرا نوجوان اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دونوں نوجوان مکینک کا کام کرتے تھے۔ یہ حادثہ جمعرات کی دیر رات تھمٹاڑی نامی مقام پر پیش آیا۔ پولیس نے مرنے والوں کی شناخت راجیش (28) ولد چمپو رام ساکن پالم پور ضلع کانگڑا اور چیت رام (40) ولد ٹیک چند ساکن سلونی ضلع چمبا کے طور پر کی ہے۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ دونوں جوبل میں مکینک کا کام کرتے تھے اور کرشر مشین کی مرمت کے بعد واپس آرہے تھے۔
کل رات ان کی کار سڑک سے پھسل کر تھمٹاڈی کے مقام پر 200 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔ مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں کو کھائی سے باہر نکالا۔ راجیش موقع پر ہی مردہ پایا گیا، جب کہ راجیش بری طرح زخمی تھا۔ روہڑو پولیس اسے علاج کے لیے اسپتال لے گئی تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ ڈی ایس پی روہڑو چمن کمار نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کیس درج کرکے حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جارہی ہے۔ دونوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ پانچ اپریل 2023 کو ہماچل کے کولو میں سڑک حادثہ پیش آیا تھا۔ حادثے میں دو افراد کی موت ہو گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: Himachal Road Accident ہماچل سڑک حادثات میں دو ہلاک، چھ زخمی
یو این آئی