ہماچل پردیش کے ضلع کلو کے منالی میں واقع اٹل رہتانگ سرنگ میں ہنگامہ آرائی کرنے والے دہلی اور ہریانہ کے 15 سیاحوں کو کلو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کی گاڑیاں ضبط کرکے 40 ہزار جرمانہ بھی کیا ہے۔
کلو کے پولیس سپرنٹنڈنٹ گوراؤ سنگھ نے بتایا کہ اٹل روہتانگ سرنگ میں دہلی اور ہریانہ کے سیاحوں نے گاڑیاں کھڑی کر کے ہنگامہ آرائی کی۔ اتنا ہی نہیں دو گاڑیوں میں سوار ان نوجوان سرنگ کے اندر اپنی گاڑیاں کھڑی کر کے ڈانس کرنے لگے جس سے ٹریفک متاثرہو گئی ۔
انہوں نے بتایا کہ کرسمس اور نیا سال کا جشن منانے کے لئے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد ہماچل آرہی ہے۔ ان میں سے بہت سے لوگ اٹل روہتانگ سرنگ دیکھنے کے لئے یہاں آرہے ہیں۔
سنگھ نے بتایا کہ پولیس نے 15 سیاحوں کو مختلف دفعات کے تحت گرفتار کیا ہے ۔ ایک گاڑی کو ضبط کر کےآٹھ افراد کے خلاف 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرنگ کے اندر بلا جواز گاڑی کھڑی کرنا ممنوع ہے۔ ایسی صورتحال میں باہر سے آنے والے سیاح ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ جس کے لئے قانونی کارروائی کی گئی ہے۔
-یو این آئی-