آسمانی بجلی گرنے سےریاست ہریانہ کے ضلع نوح میں دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ تین مختلف گاؤں میں الگ الگ وقت پر پیش آیا۔
ضلع نوح کے پونہانہ تحصیل کے گاؤں خواجہ علی کلاں، فیروز پور جھرکا تحصیل کے گاؤں امام نگر اور پونہانہ تحصیل ہی کے گاؤں رہپوا میں آسمانی بجلی گرنے سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
گاؤں خواجہ علی کلاں میں سلیم احمد بن ابراہیم اپنے کھیتوں میں بورنگ کا کام کر رہا تھا،وہیں اچانک برسات شروع ہوئی اور آسمانی بجلی گری جس سے سلیم احمد کی موت ہو گئی جبکہ ان کے ساتھ کام کر رہے دو افراد زخمی ہوگئے۔
سلیم احمد اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا اس کے تین چھوٹے چھوٹے بچے ہیں۔ سلیم کا گھر تقریبا اجڑ چکا ہے، پورا گاؤں اور خاندان صدمہ میں ہے۔
دوسرا حادثہ فروزپور جھرکہ تحصیل کے گاوں امام نگر کا ہے۔
امام نگر میں میواتی شاعر الیاس پردھان کے بڑے بھائی آس محمد کی بھی آسمانی بجلی گرنے سے موت ہوگئی، ان کی عمر 65 برس تھی۔ پیڑ کے نیچےآس محمد کے ساتھ تین اور لوگ بھی تھےجو زخمی حالت میں اسپتال میں ایڈمٹ ہیں۔
تیسرا حادثہ رہپوا گاؤں کا ہے۔ جہاں اسرائیل نامی شخص کے کچے مکان میں آسمانی بجلی گرنے سے آگ لگ گئی جس میں چوپایوں کا سوکھا چارہ جل کر خاک ہو گیا۔
اس ضمن میں میوات کے دانشور طبقہ نے حکومت سے متاثرہ خاندان کیلئے تعاون کی اپیل کی ہے۔