وزیر اعظم نریندر مودی ڈیجیٹل میڈیم کے ذریعے راجکوٹ میں تعمیر ہونے والے ایمس کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ایمس کی تعمیر راجکوٹ شہر کے باہری علاقے کھنڈیری گاؤں کے پاس تقریباً دو سو ایک ایکڑ سے زیادہ کے احاطے میں 1195 کروڑ کی لاگت سے ہوگی۔
ایمس راجکوٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر شرمدیپ سنہا نے اس تعلق سے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی آن لائن میڈیم کے ذریعے اکتیس دسمبر کو افتتاح کرنے والے ہیں اور اس کی نو عمارتوں کی ڈیزائن کو مقامی انتظامیہ کی جانب سے منظوری مل چکی ہے۔
واضح رہے کہ گجرات کے وزیر اعلی وجئے روپانی ڈیجیٹل میڈیم کے ذریعے پہلے ہی راجکوٹ میں تعمیر ہونے والے ایمس کا افتتاح کرچکے ہیں اور اس موقع پر مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن اور ریاستی وزیر صحت اشونی چوبے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شامل ہوئے تھے۔
اس موقع پر ہرش وردھن نے کہا تھا کہ وزیر اعظم صحت منصوبہ کے چھٹے مرحلے کے تحت ایمس راجکوٹ آتا ہے۔ اس میں تقریباً سات سو پچاس سے زائد بیڈ والا اسپتال بنایا جائے گا جہاں مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹر اور سوپر اسپیشیلٹی شعبے بھی ہوں گے۔
انھوں نے مزید کہا تھا کہ آنے والے دنوں میں ایمس راجکوٹ میں ایم بی بی ایس کی ایک سو پچیس سیٹیں جبکہ نرسنگ کی ساٹھ سیٹیں ہوں گی۔