کورونا کے پیش نظر گجرات حکومت کی جانب سے محرم کے تعلق سے گائیڈ لائن جاری کی گئی ہیں۔
اس تعلق سے ای ٹی بھارت سے گجرات سینٹرل تعزیہ کمیٹی کے چیئرمین پرویز مومن نے کہا کہ، 'ماہ محرم کا آغاز جمعہ کے روز سے ہوچکا ہے۔ اس دوران دس دنوں تک مسجدوں میں واعظ اور مجالس کا اہتمام ہر سال کیا جاتا ہے، لیکن اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے سوشل ڈیسٹنسنگ کا خیال رکھتے ہوئے آن لائن واعظ اور مجالس کو ورچوئل دیکھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
محرم کے دسویں یعنی 30 اگست اتوار کے روز یوم عاشورہ کا دن ہے، اس موقع پر ہر سال بڑے شان و شوکت کے ساتھ مختلف علاقوں میں جلوس کا اہتمام کیا جاتا تھا، لیکن اس سال کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے جلوس نکالنے پر پوری طرح پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
گجرات حکومت اور محکمہ پولیس کی جانب سے بھی اس تعلق سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے، جس میں اگست میں ہونے والے ہر مذاہب کے تمام تہواروں پر پابندی لگائی گئی ہے، جس کے تحت محرم کے جلوس نکالنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس لیے اس سال سادگی کے ساتھ یوم عاشورہ منایا جائے گا۔'
انہوں نے کہ، 'اس موقع پر دو فٹ کے تعزیہ اپنے گھروں میں رکھے جاسکتے ہیں، کورونا وائرس وبا کے پیش نظر عزاداروں کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہے، کسی طرح سے سوشل ڈیسٹنسنگ کی خلاف ورزی نہ ہو۔
اس طریقے سے حکومت کی گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے ماہ محرم منایا جائے اور چھوٹے تعزے کی زیارت کے لیے بھی بھیڑ نہ اکٹھا کی جائے، تاہم تبرک اور نیاز حاصل کرنے کے لئے بھی کسی طرح کا مجمع نہ جمع ہونے دیا جائے۔
یوم عاشورہ کے دن چھوٹے تعزیوں اور منت کے تعزیوں کو گھروں میں ہی ٹھنڈا کرنے کا انتظام کیا جائے، اسٹیج یا منڈپ بنانے کی کوئی بھی سرگرمی نہ کی جائے۔'
مزید پڑھیں:
گجرات اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لیے گائیڈ لائن جاری
ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ، 'جس طرح سے حکومت میں گائیڈ لائن جاری کی گئی ہے، اس کے مطابق یوم عاشورہ منایا جائےاور پولس و حکومت کا تعاون کریں اور کسی طرح کی کوئی کوتاہی نہ برتیں۔ گھر میں رہ کر ہی اس دوران عبادت کی جائے۔