احمد آباد میں ایک بڑی تعداد میں اترپردیش کے ضلع بجنور سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں جو خاص طور سے بیکری کا کاروبار کرتے ہیں یا بیکری پر مزدوری کرتے ہیں۔
لیکن لاک ڈاؤن نافذ ہونے اور خاص طور سے کورونا وائرس کا قہر احمدآباد میں سب سے زیادہ بڑھ جانے کی وجہ سے بیکری کی سبھی دوکانیں بند ہیں، پورے شہر میں صرف دودھ اور میڈیکل کی دوکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
اس صورت حال میں بڑی تعداد میں بیکری کاریگر اپنے آبائی وطن بجنور جانا چاہتے ہیں۔
ان کاریگروں کا مطالبہ ہے کہ بجنور سے یہاں ہزاروں لوگ کام کرنے آئے ہیں لیکن کورونا کے قہر نے ان کا کاروبار تباہ کردیا ہے اب مفت میں دوکان مالکان کب تک انھیں تنخواہ دے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ احمدآباد کے حالات کی خبریں سن کر ان کے گھر والے بھی کافی پریشان ہیں اور فون کرکے انھیں واپس بلا رہے ہیں لیکن آمدورفت کے تمام ذرائع بند ہیں، اگر گھر جایا جائے تو کیسے جایا جائے؟
مزدوروں کی اس پریشانی کے پیش نظر بی جے پی کارکن زین العابدین انصاری نے کہا ہے کہ 'وہ بجنور والوں کی پوری مدد کرنے کی کوشش کریں گے اور ریاستی حکومت سے گزارش کر اسپیشل ٹرین کا انتظام بھی کریں گے تاکہ بجنور سے تعلق رکھنے والے کاریگروں کو ٹرین سے راست بجنور پہنچایا جاسکے'۔
انھوں نے مزید کہا کہ ' احمد آباد شہر سے جسے بھی بجنور جانا ہے وہ ہمارے پاس اپنا نام درج کرادیں ہم ان کی پوری مدد کریں گے'۔