گاندربل: جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل کے مامر کنگن زون ہری گنوان میں منشیات کے استعمال کی روک تھام اور اساتذہ کے کردار پر جموں و کشمیر ٹیچرز ایسوسی ایشن کی جانب سے یک روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر، تصدق حسین میر مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے۔ One day conference on drug abuse organized in Ganderbal
تصدق حسین میر نے تقریب کے دوران شرکاء پر زور دیا کہ وہ منشیات کے استعمال کے خلاف اپنا کردار بھرپور نبھائے۔ کانفرنس کے دوران مختلف اسکولز سے آئے اساتذہ نے منشیات کے استعمال اور معاشرے پر اس کے برے اثرات اور اس کی روک تھام کے لیے جوش و خروش سے اپنی تقریریں کیں۔ One day conference on the role of teachers in Ganderbal
اس یک روزہ کانفرنس میں تقریباً 200 طلباء نے شرکت کی اور ہری گنوان زون کے طلبہ و طالبات نے طرح طرح کے رنگا رنگ پروگرام بھی پیش کیے۔ جموں و کشمیر ایمپلائز کوآرڈینیشن کمیٹی اور ٹیچرز ایسوسی ایشن کشمیر کے صدر شاہ فیاض نے کہا کہ 'وہ تدریسی عمل میں پائے جانے والے خلاء کے بارے میں اعلیٰ حکام سے بات کریں گے اور مزید آگاہی پروگرام منعقد کرنے پر زور دیں گے تاکہ اس خطرے سے بچا جا سکے اور اسے معاشرے سے مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔'
کانفرنس میں مجود اساتذہ نے استاد کے پیشے کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے منشیات کے استعمال کے مختلف خطرات سے بھی آگاہ کیا اور منشیات کے مضر اثرات سے متعلق طلباء اور معاشرے میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کانفرنس میں ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کے علاوہ پرسنل آفیسر ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن کشمیر، چیف ایجوکیشن آفیسر گاندربل، ڈپٹی چیف ایجوکیشن آفیسر، زونل ایجوکیشن آفسران، کئی اسکولز کے پرنسپل، تنظیم کے کئی بڑے لیڈران اور دیگر اسکولوں کے اساتذہ موجود رہے۔
یہ بھی پڑھیں: Drug Use and Addiction: منشیات کی لت سے نوجوانوں کو بچانے کی مہم
وہیں تنظیم کے زونل صدر بشیر احمد پرے نے پروگرام میں شمولیت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ قابل ذکر ہے، سماجی کام کے محکمہ نے جموں کشمیر کے مختلف سرکاری ہائر سکینڈری اسکولز میں منشیات کے استعمال سے متعلق آگاہی کے مزید پروگرام منعقد کرنے کی بھی تجویز پیش کی ہے۔