ضلع گاندربل کے وتہ لار علاقے میں پیر کی صبح ایک گئو خانے سے اچانک آگ نمودار ہوئی جس کے نتیجے میں گئو خانہ اور اسکی دوسری منزل پر تعمیر کیے گئے کمرے خاکستر ہو گئے۔
آگ کی اس واردات میں کمروں میں رکھا گیا سارا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔ تاہم اس واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
مقامی سرپنچ نے تفصيلات فراہم کرتے ہویے کہا کہ وتہ لار کے رہائشی محمد رمضان لون کے دو منزلہ گئو خانے سے طلوع آفتاب سے قبل آگ نمودار ہوئی جس کے سبب گئو خانہ مکمل طور خاکستر ہو گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی باشندے نماز فجر کے بعد گھروں کو واپس لوٹ رہے تھے جس دوران انہوں نے محمد رمضان کے گئو خانے سے آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی باشندوں نے آگ پر قابو پانے کی پوری کوشش تاہم وہ اس میں ناکام رہے اور گئو خانہ راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔
مقامی باشندوں نے ضلع انتظامیہ سے متاثرہ کی امداد اور بازآبادکاری کی اپیل کی ہے۔