مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے لیفٹینینٹ گورنر منوج سنہا کے مشیر و صلاح کار فاروق احمد خان وادی چناب کے ڈوڈہ، کشتواڑ اور رامبن کے تین روزہ دورہ پر ہیں۔
اس موقع فاروق احمد خان نے جھٹی کے مقام پر کسانوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کرنے اور ان کا ازالہ کرنے کے لیے ایک پروگرام کا انعقاد کیا جس میں سبزیوں کے مقامی کاشت کاروں نے اپنے مسائل پیش کیے۔ اس کے علاوہ مقامی لوگوں نے جھٹی میں مڈل اسکول کو ہائی اسکول میں اپ گریڈ کرنے، کھاد اور زرعی دوائیوں کی سہولیات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
مقامی لوگوں نے اپنی بات رکھتے ہوئے لنک روڈ اور واٹر سپلائی اسکیموں کی مرمت اور اپگریڈیشن کا مطالبہ کیا۔ ایل جی کے مشیر نے عوام سے گفتگو کے دوران انھیں یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے ازالہ کے لیے جلد از جلد متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کردی جائے گی۔
انہوں نے عوام کو آگاہ کیا کہ حکومت جلد ہی علاقے کے سبزی کاشتکاروں کے لیے کولڈ اسٹوریج بھی شروع کرے گی، اور ریفریجریٹر وین پہلے ہی ضلع کو مہیا کی جاچکی ہے تاکہ تازہ سبزیوں کو جلد از جلد منڈیوں تک پہنچایا جاسکے۔
مشیر فاروق احمد خان نے مزید کہا کہ کنڈیری نالہ منڈی کی تعمیر کو کم سے کم وقت میں شروع کیا جائے گا، جس کے لیے ضلع انتظامیہ نے محکمہ کے ساتھ بات چیت کرکے 3 کنال اراضی کی نشاندہی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سرینگر: تین دہائی کی سرد ترین رات