گزشتہ اسمبلی انتخابات میں دہلی اسمبلی کی 70 میں سے 67 نشستیں جیتنے والے کیجریوال کا جادو اس بار چلے گا یا نہیں اس پر پورے ملک کی نگاہیں ہیں۔
کیجریوال اپنے پانچ برس کی مدت کے دوران خاص طور سے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں کیے گئے کاموں کو گناتے ہوئے اس بار بھی پورے اعتماد میں ہیں جبکہ سیاسی پنڈتوں کا بھی خیال ہے کہ گزشتہ کرشمہ کی طرح اس برس بھی وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ سنہ 2013 کے دہلی اسمبلی انتخابات سے کچھ وقت پہلے ہی عام آدمی پارٹی کی تشکیل ہوئی تھی اور اس انتخابات میں دہلی میں پہلی بار سہ رخی مقابلہ ہوا جس میں 15 برس سے اقتدار پر قابض کانگریس 70 میں سے صرف آٹھ سیٹیں جیت پائی جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) حکومت بنانے سے صرف چار قدم دور یعنی 32 سیٹوں پر پھنس گئی 'آپ' کو 28 سیٹیں ملیں اور باقی دو دیگر کے کھاتے میں گئیں۔