جن سنگھ کے بانی شیاما پرساد مکھرجی کی برسی کے موقع پر بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ شیاما پرساد مکھرجی نے قومی یکجہتی، سالمیت اور جموں کشمیر کو بچانے کےلیے اپنی زندگی کو وقف کردیا تھا اور آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35 اے کو منسوخ کرنے کےلیے ایک تحریک شروع کی تھی۔ بی جے پی ہیڈکوارٹر پر منعقدہ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے جے پی نڈا نے کہا کہ شیاما پرساد مکھرجی نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کرنے کےلیے مہم چلائی تھی جبکہ انہوں نے قومی یکجہتی اور سالمیت کے علاوہ جموں و کشمیر کو بچانے کےلیے خود کو وقف کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مودی، راج ناتھ اور شاہ نے شیاما پرساد کو خراج تحسین پیش کیا
جے پی نڈا نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کو منسوخ کردیا تھا اور ریاست کو دو مرکزکے زیرانتظام علاقوں (جموں و کشمیر اور لداخ) میں تقسیم کردیا تھا۔ مرکزی کابینہ نے جموں و کشمیر تشکیلِ نو ایکٹ ، 2019 کی دفعہ 96 کے تحت مرکز کے زیرِ انتظام علاقہ جموں و کشمیر میں مرکزی قوانین کو اختیار کئے جانے سے متعلق حکم نامہ جاری کئے جانے کو منظوری دے دی ہے۔ جموں و کشمیر تشکیلِ نو ایکٹ، 2019 کے تحت قانون ساز اسمبلی میں نمائندوں کی تعداد 107 سے بڑھا کر 114 کردیا گیا، جبکہ حلقوں کی حد بندی کا تعین انتخابی کمیشن کی جانب سے کیا جائے گا۔
شیاما پرساد مکھرجی کی 68 ویں برسی کے موقع پر بی جے پی نے شجرکارری مہم کا آغاز کیا ہے۔ جے پی نڈا نے کہا کہ بی جے پی، سماج اور معاشرہ میں اپنی خدمات کو جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ اس کے کارکن عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے کارکنوں نے خون کا عطیہ کیمپس منعقد کئے، لوگوں کو آکسیجن فراہم کیا اور گھر گھر جاکر متاثرین میں غذا تقسیم کی۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ آج شیاما پرساد مکھرجی کی برسی کے موقع پر شجرکاری مہم کا آغاز کیا جارہا ہے جو 6 جولائی کو ان کے یوم پیدائش تک جاری رہے گی۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی نہ صرف سیاسی سرگرمیوں میں مصروف رہتی ہیں بلکہ سماج و ماحولیات سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کو بھی سمجھتی ہے اور اس طرح کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کےلیے کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے دوران 5 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
جے پی نڈا نے شیاما پرساد مکھرجی کو خراج پیش کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ بھی کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم نریندر مودی نے بھی شیاما پرساد مکھرجی کی برسی کے موقع پر انہیں حراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’قومی یکجہتی کےلیے ان کی کوششوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا‘۔