قومی دارالحکومت دہلی کے چانکیہ پوری علاقے میں امریکی سفارت خانے کے قریب جمعہ کے روز ایک اے ایس آئی سڑک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ وہیں ملزم کار ڈرائیور کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
اس معاملے کو لے کر چانکیہ پوری پولیس اسٹیشن کے اعلی عہدیداروں نے بتایا کہ 'اے ایس آئی لال مان سنگھ جمعہ کی صبح امریکی سفارتخانے کے قریب ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ تبھی ایک بے قابو کار ان کو ٹکر مارتے ہوئے دیوار سے ٹکرا گئی۔ جس کی وجہ سے ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ 'کار کے ڈرائیور کی شناخت سدھارتھ بھگت کے نام سے ہوئی ہے، جو راجستھان یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔'
اس سلسلے میں چانکیہ پوری پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ملزم کار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پورے معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہیں اور قریب ہی نصب سی سی ٹی وی سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم ڈرائیور تیز رفتار سے کار چلا رہا تھا۔ جس کی وجہ سے کار بے قابو ہو گئی اور کار اے ایس آئی کو ٹکر مارتے ہوئے دیوار سے ٹکرا گئی۔