نئی دہلی: شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار خالد سیفی، منڈولی جیل میں بند ہیں۔ ایسے میں ان کی اہلیہ نرگس سیفی نے جیل انتظامیہ پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔ خالد سیفی کی بیوی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے منڈولی جیل انتظامیہ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ میرے شوہر کو صحیح طریقے سے علاج نہیں مل پا رہا ہے۔ انہوں نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ میرے شوہر کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ انہیں طبی امداد نہیں دی جا رہی ہے ان کا شوگر کا لیول کافی بڑھا ہوا ہے لیکن انہیں صحیح سے علاج مہیا نہیں کرایا جا رہا ہے۔ Delhi Communal Riots
خالد سیفی کی اہلیہ نے شوہر کے لیے فوری طبی امداد کا مطالبہ کیا ہے۔ 'یونائیٹڈ اگینسٹ ہیٹ United Against Hate' کے بانی خالد سیفی کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے ان کی اہلیہ نے دو ویڈیوز شیئر کیں، جن میں وہ روتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ اس ویڈیو میں وہ بتاتی ہیں کہ انہیں شوہر کا فون آیا تھا جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور جیل میں انہیں مناسب علاج نہیں دیا جا رہا۔ خالد کی اہلیہ نے روتے ہوئے اپیل کی کہ ان کے شوہر کو جلد از جلد بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ صحتیاب ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی بار خالد نے اس طرح سے بات کی ہے، اس لیے مجھے ان کی فکر ہو رہی ہے کیونکہ اس سے قبل وہ ہمیشہ ہمیں حوصلہ دیا کرتے تھے لیکن اس بار وہ خود ہمت ہارتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ شمال مشرقی دہلی میں ہوئے فرقہ وارانہ فسادات میں 53 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ خالد سیفی سمیت متعدد افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔