گزشتہ کئی روز سے کورونا ویکسین کو لے کر مذہبی جماعتوں کی جانب سے مخالفت دیکھنے کو مل رہی تھی۔ اس کے پیچھے یہ وجہ بتائی جا رہی تھی کہ ویکسین میں خنزیر کی چربی کا استعمال کیا گیا ہے۔
تاہم آج انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر جے اے جیا لال نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ بھارت میں بنی ویکسین میں خنزیر کی چربی کا استعمال نہیں ہے۔ انہوں نے اس بات کو سرے سے خارج کردیا کہ اس میں کسی بھی طرح سے خنزیر کی چربی کا استعمال کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن نے اپنے تمام ممبران سے اپیل کی کہ وہ ملک بھر میں کووڈ 19 ویکسینیشن مہم میں تعاون کریں۔اس دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارتیہ ویکسین کورونا کی نئی قسم پر بھی کارگر ثابت ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ بھارت کے ریگولیٹر نے حال ہی میں سیرم انسٹی ٹیوٹ کے تیار کردہ آکسفورڈ کووڈ 19 ویکسین کو منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ بھارت بائیوٹیک نے کوویکسین تیار کی ہے جس سے بڑے پیمانے پر ٹیکہ لگانے کی مہم چلائی جارہی ہے۔