قومی دارالحکومت دہلی میں رہائش اور شہری امور کے مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ دہلی کی سنہ 1797 کی غیر قانونی بستیوں میں زمین کی رجسٹری کا عمل دسمبر کے آخر تک شروع کردیا جائے گا۔
ہردیپ سنگھ پوری نے اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکومت نے دہلی کی سنہ 1797 غیر قانونی کالونیوں میں رہنے والے عوام کو زمین کا مالکانہ حق دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے سے متعلق بل پارلیمنٹ کے رواں سرمائی اجلاس میں پیش کردیا جائے گا، جبکہ متعلقہ بل کو کابینہ کی منظوری مل گئی ہے اور اسے پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔
مرکزی وزیر نے غیر قانونی بستیوں کی زمینی صورتحال سے متعلق ایک پورٹل کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی (ڈی ڈی اے) نے ایک ویب پورٹل تیار کیا ہے۔
اس پورٹل پر غیر قانونی بستیوں سے متعلق رہائشی فلاح وبہبود کی تنظیم اپنا رجسٹریشن کرواسکتے ہیں اور اپنی بستی کی صورتحال جان سکتے ہیں۔