دہلی:دارالحکومت دہلی کے کلاں محل میں واقع گورنمنٹ گرلز سینیئر سیکنڈری اردو میڈیم اسکول کو ہندی میڈیم اسکول میں ضم کرنے کا سرکولر جاری کیا گیا ہے۔
گذشتہ 3 برس قبل دہلی حکومت کی جانب سے 6 اردو میڈیم اسکولز کو ضم کرنے کا آرڈر جاری کیا گیا تھا لیکن اس وقت اسکولی طلبہ کی جانب سے کئے گئے احتجاج کے بعد اس فیصلے کو واپس لے لیا گیا تاہم اب بھی اردو میڈیم اسکولز کو ضم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
کیجریوال حکومت نے دوسری مرتبہ دہلی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد دہلی میں 500 نئے اسکول بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن پرانی دہلی میں ایک بھی نیا اسکول نہیں کھولا گیا۔
رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ کے تحت کسی بھی اسکول کو ضم نہیں کیا جاسکتا تاہم بند کرنے کے لیے بھی ضابطہ بنایا گیا ہے، لیکن اس کے باوجود بھی دہلی حکومت اردو میڈیم اسکولز کو خاموشی سے ضم کرنے کا کام کر رہی ہے۔
اگر یہ اسکول ہندی میڈیم میں ضم کر دیا جاتا ہے تو نہ صرف رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ کی خلاف ورزی ہوگی بلکہ ان طلبہ کے ساتھ بھی زیادتی ہوگی جو اب تک اردو میڈیم اسکول میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔