کانگریس کے ذرائع نے پیر کے روز یہاں بتایا ملک میں آئین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں اس لیے پارٹی آئین کی بے حرمتی کرنے والی حکومت کے یوم آئین کی تقریب میں شرکت نہیں کرے گی۔
انھوں نے کہاکہ مودی حکومت نے اتراکھنڈ، کرناٹک اور گوا سمیت کئی ریاستوں میں مسلسل آئین کو کچلا ہے اور اس کی تازہ مثال مہاراشٹر ہے جہاں ناجائز طریقہ سے حکومت تشکیل دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے آئین کے 70 برس مکمل ہونے کے موقع پر منگل کے روز پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اس تقریب میں جس سے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیانائیڈو، لوک سبھا سپیکر اوم برلا اور وزیراعظم نریندرمودی خطاب کریں گے۔
خیال رہے کہ کانگریس نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں آج مہاراشٹر کے معاملہ پر جم کر ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے دونوں ایوانوں کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کردی گئی۔
کانگریس کے اراکین نے پارلمینٹ کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطہ میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے سامنے دھرنا دیا اور مظاہرہ کیا۔