وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہفتہ کو بجٹ اجلاس پر بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ کے دوران لوک سبھا میں بی جے ڈی کے رہنما پناکی مشرا نے کہا کہ خواتین ریزرویشن بل کو راجیہ سبھا سے منظور ہوئے دس سال ہوگئے ہیں۔ ایسے میں وقت آگیا ہے کہ اب یہ بل لوک سبھا سے بھی منظور ہو۔
انہوں نے کہا کہ بی جے ڈی کے صدر اور اوڈیشہ کے وزیراعلی نوین پٹنائک نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ بجٹ اجلاس میں خواتین ریزرویشن بل منظور ہو۔
انہوں نے کہا کہ بی جے ڈی واحد جماعت ہے، جس نے 2019 لوک سبھا انتخابات میں اوڈیشہ کی 21 میں سے سات لوک سبھا سیٹوں پر خواتین امیدوار اتارے تھے، جن میں سے پانچ بی جے ڈی اور دو بی جے پی کی خواتین امیدواروں کو جیت ملی۔ اس لحاظ سے اوڈیشہ واحد ریاست ہیں جہاں ایک تہائی خواتین اراکین پارلیمان کی نمائندگی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سندھو، غازی آباد اور ٹکری بارڈر پر انٹرنیٹ خدمات معطل
مشرا نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس دونوں ہی اہم جماعتوں کے علاوہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) جیسی جماعتوں نے کھل کر ماضی میں خواتین ریزرویشن بل کی حمایت کی ہے۔ اس لئے اس بل کے منظور ہونے میں کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے۔