ملک میں گزشتہ چار دنوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 32 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ جمعرات کو 32،695 ، جمعہ کو 34،956 اور ہفتہ کو 34،884 معاملات کی تصدیق ہوئی تھی۔
مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 38،902 کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 10،77،618 ہوگئی۔
ہلاک ہونے والوں کی تعداد 543 سے تجاوز کر 26،816 ہوگئی ہے۔ اب تک مجموعی طور پر 6،77،423 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کورونا کے 3،73،379 فعال کیسز ہیں۔
قومی دارالحکومت دہلی میں نئے کیسز کے مقابلے صحت مند ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کے باعث صورتحال بہتر ہوتی نظر آ رہی ہے، لیکن مہاراشٹر، تمل ناڈو، کرناٹک، تلنگانہ، آندھرا پردیش، اترپردیش، گجرات اور مغربی بنگال میں انفیکشن کے معاملات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے، تمل ناڈو میں 1.65 لاکھ اور دہلی میں 1.21 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے، جبکہ کرناٹک چوتھے نمبر پر ہے جہاں اس انفیکشن کے 59 ہزار سے زائد کیسز ہیں۔