مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے مشتعل کسانوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے بعد ایک اعلی سطحی اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا اور دارالحکومت میں اضافی نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کا حکم دیا۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق امت شاہ نے ہوم سکریٹری، دہلی پولیس کے کمشنر، انٹلیجنس بیورو کے ڈائریکٹر اور بہت سارے دیگر اعلی عہدیداروں کے ساتھ صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا۔
عہدیداروں نے دارالحکومت میں سیکیورٹی کی صورتحال سے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے کئے جارہے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وہیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دارالحکومت میں اضافی نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا جائے۔ کچھ متاثرہ علاقوں میں نیم فوجی دستوں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ کچھ کو دوسری جگہوں پر تعینات کیا گیا ہے۔
پولیس کے ساتھ کئے جانے والے معاہدے کو نظرانداز کرتے ہوئے مشتعل کسانوں نے دارالحکومت میں لال قلعہ اور آئی ٹی او کے پاس آنے کے بعد پولیس سے جھڑپ ہوئی۔ اس کے بعد کچھ علاقوں میں صورتحال کچھ وقت کے لئے بے قابو ہوگئی۔