نئی دہلی : لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کے موقع پر پارلیمانی ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (PRIDE) اور انسٹی ٹیوٹ آف لیور اینڈ بلیری سائنسز (ILBS) کے اشتراک سے منعقدہ ایک بیداری سیشن کی صدارت کی اس موقع پر صحت و خاندانی بہبود اور کیمیکل اور کھاد کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش اور دیگر معززین موجود تھے۔
اس موقع پر اوم برلا نے عالمی یوم ہیپاٹائٹس کے موقع پر پارلیمنٹ میں منعقدہ سالانہ پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بیماری سے متعلق بیداری اور تحقیقات کی کمی کی وجہ سے ہر سال بڑی تعداد میں لوگ ہیپاٹائٹس کی وجہ سے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں، لیکن بروقت تشخیص اور علاج سے اس انفیکشن کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔ وائرل ہیپاٹائٹس کی روک تھام اور خاتمے کے لیے حکومت ہند کے اقدامات کے حوالے سے مسٹر برلا نے کہا کہ نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت نیشنل وائرل ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ہیپاٹائٹس کے کنٹرول اور انتظام کے لیے انتہائی انہماک کے ساتھ کام کر رہا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ایک مربوط طریقہ کار صحت کے حوالے سے نقطہ نظر اپنایا گیا ہے اور طویل المدتی وژن کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
صحت مند شہری سے ایک صحت مند قوم کی تعمیر' کے مقصد کے لیے کیے جا رہے کام کے تناظر میں لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ سستا علاج اور عوام کے مفاد پر مبنی پالیسیاں تمام ہم وطنوں کو فائدہ پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کو قابل رسائی اور سستی بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جا رہا ہے اور اہل وطن کو بروقت صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
برلا نے اس بات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی نے یہ ممکن بنایا ہے کہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگ بھی صحت کی جدید سہولیات سے استفادہ کر سکتے ہیں۔
کورونا کے دور میں عوامی شرکت اور اجتماعی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ ہندوستان میں دنیا کی سب سے تیز ترین، سب سے زیادہ موثر کووِڈ ویکسینیشن مہم کی آج پوری دنیا تعریف کر رہی ہے۔ لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کی بیماریوں سے متعلق بیداری اور روک تھام کے لیے اہل وطن کو اجتماعی طور پر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے ہیلتھ کیئر افسران ، پالیسی سازوں اور پریکٹیشنرز کی مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔
پروگرام میں موجود عوامی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ عام لوگوں میں بیداری پھیلانے کے لیے پارلیمنٹ سے لے کر پنچایت تک ہر سطح پر عوامی نمائندوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ا نے یقین ظاہر کیا کہ اجتماعی کوششوں سے ملک اور حکومت تمام اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ہنگامے کے بعد دونوں ایوانوں کی کارروائی پیر تک کیلئے ملتوی
صحت اور خاندانی بہبود اور کیمیکل اور کھاد کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ اور راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہری ونش نے بھی پروگرام سے خطاب کیا۔
لوک سبھا کے سکریٹری جنرل اُتپل کمار سنگھ نے اس موقع پر خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔
یو این آئی