گیا: ریاست بہار کےگیا ضلع پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے ،پولیس نے نوکری دینے کے نام پر ٹھگی کرنے والے چھ افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ ان کے ذریعے بودھ گیا تھانہ علاقہ میں دیہی باشندوں کو فرضی طریقے سے نوکری دینے کے نام پر ٹھگی کا شکار بنایا جاتا تھا ۔ پولیس کو کئی دنوں سے اس کی اطلاع خفیہ طور سے مل رہی تھی ۔
ایس ایس پی آشیش بھارتی کی ہدایت پر سیٹی ایس پی کی قیادت میں پولیس کی ٹیم نے کئی سطحوں سے تصدیق کر اس کی جانچ کی ۔اس میں پایا گیا کہ گیا ضلع سے باہر کے کچھ لوگ ایک گروپ بنا کر ضلع میں نوکری دلانے کے نام پر ٹھگی کر رہے ہیں۔ایس ایس پی کی ہدایت پر آج پولیس کی ٹیم نے چھاپے ماری کی جس میں چھ جعلساز گرفتار کیے گئے ہیں ۔ ایس ایس پی آشیش بھارتی نے پریس کانفرنس کر کے اس کی اطلاع دی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کی ٹیم نے جب بودھ گیا تھانہ حلقہ کے مستی پور گاؤں میں چھاپے ماری کی تو وہاں ایک گھر سے نکل کر کچھ لوگ بھاگنے کی کوشش کرنے لگے۔اس کے بعد پولیس کے جوانوں نے انہیں پکڑ کر پوچھ تاچھ کی۔اس میں اُنہوں نے اپنا نام اور پوری تفصیل بتائی ، اُنہوں نے بتایا کہ مستی پور سے جمشید عالم ضلع بھاگلپور ، موتی لال داس ضلع کھگریا ،رجنی کانت ضلع گیا ، سکھوندرکمار ضلع گیا ، سبھاش کمار ضلع گیا کو گرفتار کیا گیا ہے ، گرفتار افراد کے پاس سے موبائل فون اے ٹی ایم کارڈ پین کارڈ وغیرہ سمیت دیگر کاغذات برآمد ہوئے ہیں ،پوچھ تاچھ میں اُنہوں نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ مهابودھی انٹرپرائزز نامی کمپنی میں کام کرتے ہیں اور وہ کال کے ذریعے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار اور نوکری دلانے کے نام پر بلاتے ہیں اور پھر رجسٹریشن کے نام پر 850 روپے لیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مرزا غالب کالج نے غیر حاضر رہنے والے طلباء و طالبات کو نوٹس جاری کیا
انہوں نے بتایا کہ کمپنی میں چھاپے کے دوران رجسٹر ، رسید اور پیسے سوئیپ کرنے والی مشین ، میڈیکل پروڈکٹ وغیرہ برآمد کیے گئے ہیں۔ اس معاملے میں بودھ گیا تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور اس کی تحقیق کی جا رہی ہے کہ ان کی ذریعے کتنے روپے کی ٹھگی کی گئی ہے اور ان کا نیٹ ورک کہاں کہاں پھیلا ہوا ہے۔