مرکزی حکومت نے ریاست بہار کو مہاتما گاندھی قومی روزگار گارنٹی منصوبہ (منریگا) کے تحت 417کروڑ 72 لاکھ 83ہزار روپےجاری کیے ہیں۔
اطلاع کے مطابق دیہی ترقیاتی وزیر شرون کمار نے بتایا کہ انہوں نے مرکزی دیہی ترقیات کے وزیر نریندرسنگھ تومر سے ملاقات کی ۔
انہوں نے مر کزی وزیر نریندر سنگھ تو مر سے ریاست میں منریگا سے متعلق کاموں کی حصولیابی اور گذشتہ مالی سالوں میں کرائے گئے کاموں کیلئے اشیاءمد میں زیر التوا واجبات کی ادائیگی اور تیز رفتار سے کام کرانے اور وافر رقم جاری کرنے کی گذارش کی تھی۔
مسٹر کمار نے کہاکہ انہوں نے محکمہ جاتی سکریٹری اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ جلد ہی مرکزی حکومت سے ریلیز رقم سے اشیاءمد میں زیر التوا واجبات کی ادائیگی کیلئے متعلقہ اضلاع کو منظوری دینے کی کاروائی کریں۔
انہو ں نے کہاکہ رواں مالی سال میں 16 کروڑ انسانی دن کا لیبر بجٹ منظور ہے۔
ریاست میں اب تک ہدف کے مطابق پانچ کروڑ سے زائد انسانی دن تخلیق کئے جاچکے ہیں۔
وزیر نے بتایاکہ مرکزی حکومت کے کابینہ سکریٹری کے خط کے ذریعہ پانی تحفظ کے اقدامات کو اپنانے کیلئے چلائی جارہی' جل شکتی مہم 'کیلئے ریاست میں دیہی ترقیات محکمہ کو نوڈل محکمہ نامزد کیاگیا ہے۔
اس مہم کو کامیاب بنانے میں منریگا کا کردار اہم ہے, انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ مرکزی حکومت سے متوقع تعاون حاصل ہوتا رہے گا۔