گیا: ضلع گیا میں واقع ساؤتھ بہار سینٹرل یونیورسٹی میں ' تیسری تقسیم اسناد ' تقریب منعقد ہوئی ہے ، گیارہ سو سے زیادہ پاس آوٹ ہونے والے طلباء و طالبات کو ڈگری سے نوازا گیا ہے۔ اس میں 103 ٹاپرز طلباء و طالبات کو مختلف زمرے کے لیے گولڈ میڈل دیا گیا ہے اور اس میں 66 طالبات ہیں جس میں اقلیتی طبقے کی بھی طالبات شامل ہیں ،صدر جمہوریہ کے ہاتھوں جن طالبات کو گولڈ میڈل اور ڈگری دی گئی ہے اس میں ایک ثانیہ درخشاں کشور بھی ہیں جنہیں ڈپارٹمنٹ آف لاء ' بی ایس سی ایل ایل بی آنرز ' تعلیمی سیشن 18-2016 کے لیے چا نسلر اور اسکول زمرے کے لیے گولڈ میڈل دیا گیا۔
ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ثانیہ درخشاں کشور نے کہا کہ اُنکے لیے یہ سب سے بڑا اعزاز ہے کہ آج اُنہیں صدر جمہوریہ ہند دروپدی مر مو کے ہاتھوں گولڈ میڈل ملا ہے ،بڑی مشکلوں اور مسائل کا سامنا کرکے اُنہوں نے تعلیم حاصل کی اور آج وہ اس مقام تک پہنچی ہیں ، ثانیہ درخشاں گیا شہر کے نیوکریم گنج کی رہنے والی ہیں اور انہوں نے اپنے فیملی کے تعلق سے کہا کہ اُنکی اس کامیابی میں والدہ اور نانا مرحوم ایڈوکیٹ شوکت کا بڑا تعاون رہا ہے ،والدہ کا طلاق ہوگیا تھا اور اسکے بعد کئی پریشانی ہوئی لیکن والدہ اور نا نا نے اُنکی تعلیم کو متاثر نہیں ہونے دیا اور انکی تعلیم میں بھر پور تعاون کیا اور کسی چیز کی کمی محسوس نہیں ہونے دیا ، والدہ انگریزی زبان کی پروفیسر تھیں اور وہ کچھ دنوں پہلے ہی سبکدوش ہوئی ہیں ، والد کا ساتھ نہیں ملا لیکن وہ خوش ہیں کہ آج وہ اس مقام تک پہنچ چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Bihar Shoshit Inqulab Party محمد اصحاب بہار سوشت انقلاب پارٹی کے ریاستی صدر مقرر
ثانیہ درخشاں کشور نے کہاکہ وہ اپنا مستقبل لاء میں ہی بنائیں گی اور آگے بھی وہ اسی طرح کامیابی کے زینے کو طے کریں گی ، ثانیہ ابھی پی ایچ ڈی کررپی ہیں۔ انہوں نے اس دوران مسلم طبقے کی لڑکیوں کو اپنے پیغام میں کہاکہ وہ ہائر ایجوکیشن میں پیچھے نہیں ہٹیں ، محنت کریں خواہ کتنی ہی مشکلات کا سامنا ہو کیونکہ مذہب اسلام میں بھی پڑھنے کے لیے بڑا پیغام دیا گیا ہے۔