گیا : سیاسی و سماجی رہنماء محمد شمیم عرف لال بابو سوموار کو نم آنکھوں سے سپرد خاک کر دیے گئے، انکے جنازے میں بڑی تعداد میں شہر کے سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کے رہنماؤں سمیت گیا اور اطراف کے لوگ شامل ہوئے، جنازہ کی نماز اے گرین پیلس گیوال بیگہ موڑ پر ادا کی گئی اور تدفین بھٹ بیگہ قبرستان میں ہوئی۔ ضلع سطح پر محمد شمیم عرف لال بابو آر جے ڈی کے سنئیر رہنماء تھے اور وہ آر جے ڈی کے قیام سے ہی پارٹی سے جڑے تھے اور آخری سانس تک وہ آر جے ڈی میں ہی رہے۔ انہیں کئی پارٹیوں میں شامل ہونے کے آفر ملتے رہے لیکن اُنہوں نے آر جے ڈی کو نہیں چھوڑا، البتہ پارٹی کی جانب سے اُنہیں وہ مقام نہیں ملا جس کے وہ حقدار تھے کیونکہ لال بابو کی گیا ضلع میں ایک سلجھے اور باصلاحیت رہنماء کے طور پر پہچان تھی ، وہ ایک اچھے ترجمان بھی تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بہار میں ہندو تہواروں پر تعطیلات میں کمی اور مسلمانوں کے تہواروں پر چھٹیوں میں اضافہ: مرکزی وزیر گری راج سنگھ
اُنکے انتقال پر گیا کی سیاسی سماجی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ، واضح ہوکہ گیا شہر کے گيوال بیگہ کے رہنے والے محمد شمیم عرف لال بابو کا گزشتہ روز دلی میں علاج کے دوران انتقال پر ملال ہوا تھا ، دلی سے میت گیا لائی گئی تھی اور سوموار کو سپرد خاک کیا گیا۔ اُنکے جنازے میں آر جے ڈی کے ضلع صدر نظام ، ہم پارٹی کے رہنما اسد پرویز عرف کمانڈر ، جے ڈی یو رہنماء مولانا عمر نورانی سمیت کئی رہنماء موجود تھے ، اس موقع پر موجود لوگوں نے اپنے تاثرات میں گہرے رنج وغم کااظہار کیا اور کہا کہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ مرحوم کے درجات کو بلند و بالا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔