پٹنہ: آئندہ 5 دسمبر کو مظفرپور کے کڑھنی اسمبلی حلقہ میں ہو رہے ضمنی انتخاب کے تحت تشہیر کا آج آخری دن ہے۔ ایسے میں جہاں تمام پارٹیوں کے اعلیٰ لیڈران کڑھنی پہنچ کر تشہیری مہم چلا رہے ہیں اور اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کر رہے ہیں وہیں ایم آئی ایم کے امیدوار مجتبٰی انصاری کے حق میں ماحول کو سازگار بنانے کے لیے ریاستی صدر اخترالایمان کی قیادت میں ایک ٹیم کڑھنی میں کیمپ کر کے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹنگ کی اپیل کر رہی ہے۔ لوگوں کو امید تھی کہ ضمنی انتخاب میں دیگر لیڈران کی طرح ایم آئی ایم کے قومی صدر اسدالدین اویسی کا بھی انتخابی جلسہ ہوگا، مگر وہ نہیں آ سکے۔ Owaisi releases video and appeals to vote for his candidate in Kurhani By Election
ایسے میں آج ایم آئی ایم کے قومی صدر اسدالدین اویسی نے کڑھنی کے عوام کے لئے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے پیغام ارسال کیا ہے۔ ویڈیو میں اسدالدین اویسی کڑھنی کے عوام سے انتخابی جلسہ میں نہیں آنے کی وجہ سے معذرت ظاہر کرتے ہوئے اپنے امیدوار مجتبٰی انصاری کے حق میں ووٹ کی اپیل کر رہے ہیں۔ اویسی نے کہا کہ میں کسی مصروفیت کی وجہ سے وہاں نہیں آ سکا، اس کے لئے کڑھنی کے عوام سے معافی چاہتا ہوں۔ بہار کے ریاستی صدر اخترالایمان کی قیادت میں مجلس کی ٹیم کام کر رہی ہے اور مجھے امید ہے کہ کڑھنی کے عوام اپنے علاقے کی ترقی کے لیے مجلس کو ووٹ دیں تاکہ آپ کے نمائندے اسمبلی میں مضبوطی کے ساتھ آپ کی آواز اٹھا سکیں۔ اسدالدین اویسی نے مزید کہا کہ وہاں کئی امیدوار میدان میں ہیں۔ آپ نے سبھی پارٹی کے امیدواروں کو آزمایا ہے، ایک بار ہمیں بھی موقع دیں، ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے، بلکہ آپ کا خادم بن کر آپ حقوق کے لیے حکومت سے لڑیں گے۔
مزید پڑھیں:MIM Candidate By Election کڑھنی اسمبلی ضمنی انتخاب، مجلس اتحادالمسلمین نے اپنے امیدوار کا اعلان کردیا