پٹنہ: این آئی اے نے دو مئی کو بہار اور جھارکھنڈ میں ممنوعہ تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) اور نکسلیوں سے جڑے معاملے میں 14 مقامات پر چھاپے مارے۔ بہار میں این آئی اے نے پھلواری شریف کیس میں ممنوعہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا (PFI) کی مبینہ غیر قانونی اور ملک مخالف سرگرمیوں کے سلسلے میں ایک اور ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ جب کہ جھارکھنڈ میں آٹھ مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ جھارکھنڈ میں وستھاپن ورودھی جن وکاس آندولن (VVJVA) کے رانچی دفتر اور بوکارو، دھنباد، رام گڑھ اور گرڈیہ اضلاع میں سی پی آئی کے ساتھیوں اور حامیوں کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔ بہار میں کھگڑیا، گیا اور اورنگ آباد اضلاع میں چھ مقامات پر تلاشی لی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: Patna ATS Raid in Motihari موتیہاری میں پی ایف آئی کا مشتبہ رکن گرفتار
این آئی اے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ مشتبہ افراد کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔ وہ سبھی پولت بیورو اور سی پی آئی (ماؤسٹ) کی مرکزی کمیٹی سے وابستہ ہیں۔ این آئی اے کے چھاپوں سے اب اس معاملے میں گرفتاریوں کی کل تعداد 14 ہو گئی ہے۔ یہ مقدمہ ابتدائی طور پر 12 جولائی 2022 کو بہار کے پٹنہ ضلع کے پھلواری شریف پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔ گرفتار ملزم کی شناخت انور راشید کے طور پر ہوئی ہے جو اتر پردیش کے سنت رویداس نگر کا رہنے والا ہے۔ اس کی گرفتاری این آئی اے کی طرف سے 25 اپریل کو اس کے گھر کی تلاشی کے دوران ضبط کیے گئے مختلف دستاویزات، ڈیجیٹل آلات اور خطوط کی تفصیلی تفتیش کے بعد عمل میں آئی ہے۔ این آئی اے نے 7 جنوری 2023 کو چاروں ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی تھی۔