بھاگلپور: معروف اردو ادیب اور شاعر پروفیسر صفدر امام قادری نے اردو رسم الخط کو تبدیل کرنے والوں کی حمایت کرنے والوں کی سخت تنقید کی ہے۔ ای ٹی وی بھارت اردو کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ جو لوگ اردو کو رومن میں لکھنے کی وکالت کر رہے ہیں، دراصل وہ احمقوں کی دنیا میں جی رہے ہیں۔ کیونکہ کسی بھی زبان کی روح اس کا رسم الخط ہوتا ہے لہذا اگر رسم الخط ہی نہیں رہے گا تو پھر زبان کس کام کا۔
واضح ہو کہ اس موقع پر انہوں نے امید جتائی کہ بین الاقوامی سطح پر روز افزاں اردو زبان کی ترویج و اشاعت ہو رہی ہے، لہذا اردو کے تعلق سے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ بس اپنے اپنے حصے کا کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اپنے بچوں کو اردو ضرور پڑھائیں۔
مزید پڑھیں:
- نیوٹریشن سوسائٹی آف انڈیا کا پہلا انعام بھاگلپور چیپٹر کو ملا
- اردو رابطہ کمیٹی بھاگلپور کی سہ ماہی مشاورتی نشست
انہوں نے مزید کہا کہ اپنے بچوں کو انگریزی میں تعلیم دینے کے ساتھ ساتھ اردو کی بھی تعلیم ضرور دیں۔ پروفیسر صفدر امام قادری ریاست بہار کے علاقے بھاگلپور شہر میں ایک پروگرام میں شرکت کی غرض سے تشریف لائے تھے۔ آپ کو بتا دیں کہ پروفیسر صفدر امام قادری ایک درجن سے زائد کتابوں کے مصنف ہیں اور صدف انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔
بھاگلپور میں ہوئے اس پروگرام میں آس پاس اور پروفیسر صفدر امام قادری کے جاننے والوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ لوگوں نے قادری صاحب سے اردو کے حوالے سے سوالات بھی کیے۔