ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع انڈور اسٹیڈیم میں سولر پلانٹ لگایا گیا جس کا افتتاح ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک کمار سنگھ نے کیا۔
اس موقع پر ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ان کے ڈیڑھ سال کے دور میں ہمیشہ ان کی کوشش رہی ہے کہ کھیل کے شعبے میں ترقی ہو۔
انہوں نے کہاکہ جب انڈور اسٹیڈیم کو دیکھا تو اسی وقت انہیں یہاں سہولت دستیاب کرانے کا خیال ذہن میں آیا اور جب بیڈ منٹن ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے اس سلسلے میں بات چیت کی تو انہیں بتایا گیا کہ ان کی زیادہ تر رقم بجلی کے بلوں پر خرچ ہو جاتا ہے۔
انہوں نے جب اسٹیڈیم کا معائنہ کیا تو اس کی حالت خستہ تھی اور اس کی تزئین و آرائش کے لئے 26 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔
جس کی وجہ سے بیڈمنٹن کورٹ، بیت الخلا ، نالی، عمارت وغیرہ کی مرمت اور میٹ لگائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس اسٹیڈیم میں شمسی پلانٹ لگانے کے لئے شروع سے ہی ان کا منصوبہ تھا اور 'وزیر اعلی جل جیون ہریالی' منصوبہ میں ایک اہم جز شمسی پلانٹ ہے اور جب ہم اسے شروع کر رہے ہیں تو یہ بہترین موقع ہے۔
مسٹر ابھیشیک کمار سنگھ نے کہا کہ جل جیون ہریالی اسکیم کا مقصد غیر روایتی توانائی یعنی شمسی توانائی کو فوقیت دینا ہے اور اس انتظام کے تحت یہ روفٹاپ شمسی توانائی ٹاٹا پاور نے فراہم کی ہے۔
اس سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ایس سی اے اسکیم کے تحت تمام پرائمری ہیلتھ سنٹرز ، تمام گروپ ہیلتھ سنٹرز، تمام تھانوں، زونل دفاتر ، سب ڈویژنل دفاتر اور ضلعی سطح کے دفاتر میں سولر پلانٹس کا انتظام کیا جارہا ہے۔
تاجروں کوبھی شمسی توانائی کااستعمال کرناچاہئے اگر ایسا ہوا تو اس کا بہترین نتیجہ ہوگا۔ تمام سرکاری عمارتوں میں شمسی توانائی پلانٹ لگائے جارہے ہیں۔
انہوں نے مذید کہا کہ گیا میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی تعداد اور کھیل میں یہاں کے نوجوانوں کی دلچسپی کے پیش نظر یہ انڈور اسٹیڈیم مختصر پڑ رہا ہے۔
اس کے علاوہ دوسرا انڈور اسٹیڈیم گیا میں ہونا چاہئے۔ جس کے لئے ایک اور انڈور اسٹیڈیم کی تجویز محکمہ کو 6.50 کروڑ روپے کی لاگت کی بھیجی گئی ہے۔
توقع ہے کہ اس اسٹیڈیم سے بیڈمنٹن کھیل کے ساتھ ساتھ ریسلنگ ، جوڈو کراٹا کھیل کو بھی فائدہ ہوگا۔