بہار کے ضلع گیا سے بی جے پی کے رہنما اور مرکزی وزیر آرکے سنگھ کی قیادت میں آج بی جے پی جن آشرواد یاترا کا آغاز کیا گیا ہے۔
اس دوران گیا کے چیرکی بازار میں بی جے پی کے کارکنوں کے ساتھ مسلم برادری کے لوگوں نے جن یاترا میں شامل بی جے پی رہنماؤں کا استقبال کیا۔
مرکزی وزیر آر کے سنگھ نے چیرکی بازار میں موجود بی جے پی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'بھارت میں جتنے بھی متنازع معاملے تھے سب کو مودی حکومت نے حل کیا ہے، تاہم وہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 ہو یا A 35 ہو'۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ کشمیر میں ہردن دہشت گردانہ حملے ہوتے تھے، پاکستان کی طرف دراندازی کی کوشش ہوتی تھی، لیکن مودی حکومت نے ایئر اسٹرائک کرکے پاکستان کو شانت کردیا ہے۔
آر کے سنگھ نے اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیوسینا کے سینئر رہنما سنجے راوت کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 'سنجے راوت نے جو بیان دیا ہے 'ملک میں کورونا کی تیسری لہر بی جے پی کی جن آشرواد یاترا سے آئے گی'۔ اس پر انہوں نے کہا کہ 'شیو سینا اور سبھی حزب مخالف پارٹیاں جن آشرواد یاترا سے گھبرائی ہوئی ہے، کیونکہ بی جے پی عوام سے مل کر اب ان کے مسائل کو سن رہی ہے۔
آر کے سنگھ نے کہا کہ تیسری لہر تو مہاراشٹر اور کیرل میں آئی ہوئی ہے، شیو سینا نے کورونا وبا کے دوران کیا کیا ہے؟ کورونا کے دوران مرکزی حکومت کے محکمہ صحت کے وزیر نے دونوں ریاستوں میں جاکر کورونا کا جائزہ لیا اور کئی ساری ہدایات جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا کو ابھی اچھا لگ رہا ہے لیکن جب وہ بی جے پی سے علیحدہ ہو کر انتخاب لڑیں گی تو انہیں اپنی مقبولیت کا پتہ چلے گا۔
مزید پڑھیں:
مودی نے راجیو گاندھی کو ان کی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کیا
آرکے سنگھ نے ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرائے جانے کے سوال پر کہا کہ مردم شماری کا مطالبہ وہی کررہے ہیں جنہوں نے کسی بھی ذات کے لیے کچھ نہیں کیا۔ بہار میں ذات کی بنیاد پر لالو یادو پندرہ برس تک حکومت میں رہے تاہم انہوں نے ذات کے لیے کیا کیا۔
وہیں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی طرف سے ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرائے جانے کی مانگ پر انہوں نے جواب پلٹ کر دیتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار سبھی ذات برادری کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ اگر ان کے کچھ مطالبات ہیں تو وہ وزیر اعظم سے 30 اگست کو ملاقات کے بعد واضح ہوجائے گا۔