گیا: ریاست بہار کے ضلع گیا کی شیر گھاٹی میں حفظ قرآن کی تکمیل پر مجلس کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی و بیرون کے علماء اور شعرا نے شرکت کی۔ اس موقعے پر مولانا مختار قاسمی نے کہا کہ رمضان سے قبل دستار حفظ دی گئی کہ حافظ قرآن رمضان کے مبارک مہینہ میں تراویح پڑھائیں۔ حالانکہ دستار سے تراویح پڑھانے یا نہیں پڑھانے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ البتہ معاشرے کی روایت ہے کہ تعلیم کے مکمل ہونے کے بعد اعزاز کے طور پر اس کی سند متعلقہ ادارہ فراہم کرے۔ قبل ازیں شیر گھاٹی میں منگل کے روز بعد نماز مغرب ایک روح پرور تقریب بموقع سالانہ اختتامی پروگرام و تکمیل حفظ قرآن مجید کا اہتمام ہوا جس میں جامعہ اسلامیہ تجوید القرآن گڑھ محلہ شیر گھاٹی کے نئے حفاظ کی دستار بندی کی گئی۔ اس تقریب کی صدارت حافظ وقاری اختر امام نے کی۔
یہ بھی پڑھیں:
خبر کے مطابق پہلی نشست میں طلبہ جامعہ ھٰذا کی جانب سے تعلیمی مظاہرہ پیش کیا گیا پھر باضابطہ مجلس کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت سے جامعہ ھٰذا کے طالب علم محمد حنظلہ نے کیا اور نعت پاک حافظ محفوظ نے پڑھا۔ اس تقریب میں مقرر کی حیثیت سے مولانا حافظ قاری شبیر قاسمی بنارس سے تشریف لائے تھے۔ اس موقع پر جامعہ ھٰذا میں جن طلبہ نے حفظ مکمل کیا ہے، ان کو چند سورتیں تلاوت کرائی گئیں، اس کے بعد مقرر خصوصی کے قیمتی مواعظ حسنہ سے سامعین مستفیض ہوئے۔ اس موقع پر تعلیمی مظاہرہ میں اول، دوم اور سوم پوزیشن پر آنے والے طلبہ کو منجانب جامعہ ھٰذا تحفہ دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی اور مولانا مختار قاسمی کی دعا پر مجلس کا اختتام عمل میں آیا۔