اب تک ملی سطح کووڈ 19 ویکسین دیے جانے کے دو مرحلے ختم ہو چکے ہیں۔
جب کہ 3 مارچ 2021 سے ملک گیر سطح پر ویکسین دیے جانے کا تیسرا مرحلہ شروع ہو گیا ہے۔
ایسے میں سیمانچل علاقے کے ارریہ ضلع میں بھی ویکسین دیے جانے کا عمل زور و شور سے جاری ہے۔
ضلع ارریہ میں اس سلسلے میں مراکز بنائے گئے ہیں۔
- ارریہ صدر ہسپتال
- فاربس گنج صدر ہسپتال
- موہنی دیوی اسکول
مذکورہ تینوں جگہوں پر کورونا کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔
تیسرے مرحلے میں ارریہ صدر ہسپتال کے سول سرجن ڈاکٹر روپ نارائن کمار، ڈی آئی او ڈاکٹر معیز احمد، ضلع پروگرام آفیسر ڈاکٹر ریحان اشرف و دیگر ہسپتال ملازمین نے بھی کورونا کا ٹیکہ لگوایا۔
جب کہ تیسرے مرحلے کے آغاز میں عمومی طور سے اب تک ڈیڑھ سو لوگوں کو ویکسین دیا جا چکا ہے۔
اس سلسلے میں ضلع پروگرام آفیسر ڈاکٹر ریحان اشرف نے کہا کہ تیسرے مرحلے میں عوام کے لئے مفت ٹیکہ دینے کی سہولت ہے۔
خیال رہے کہ ساٹھ سال سے اوپر کے لوگوں کو صرف اپنی شناختی کارڈ لے کر یہاں سینٹر پر آنا پڑے گا، اس کے بعد ضابطہ کے مطابق انہیں کورونا ویکسین دیا جائے گا۔
ان حضرات کے لیے مفت ویکسین دینے کی سہولت رکھی گئی ہے۔
ڈاکٹر ریحان اشرف نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں آکر ویکسین لیں، ویکسین پوری طرح سے محفوظ ہے۔
تیسرے مرحلے کے لئے کوئی وقت متعین نہیں ہے، ضرورت محسوس ہوئی تو طے شدہ وقت کے مطابق آگے بھی ویکسین دئے جانے کا عمل جاری رہے گا۔
وہیں ٹیکہ لینے آئے صفائی ملازم منگلو رام نے کہا کہ ویکسین لینے سے پہلے دل میں ایک خوف تھا مگر یہاں آکر اچھا محسوس ہو رہا ہے، ویکسین لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔