بہار کے گیا سے ہوکر گزرنے والی پھلگو ندی پر ربر ڈیم کی تعمیر کا کام آج سے شروع ہو گیا ہے۔ یہ ڈیم وشنو پد کے دیو گھاٹ کے قریب تعمیر کیا جارہا ہے ۔
لاک ڈاون کے دوران ریاست کے وزیر اعلی نتیش کمار نے 23 ستمبر 2020 کو اس ڈیم کا آن لائن سنگ بنیاد رکھا تھا اس کے کچھ ماہ بعد ڈیم بنانے کا کام شروع ہوا ہے۔ دوسو 77کروڈ کی لاگت سے تعمیر ہونے والی یہ ڈیم 350 فٹ چوڑی اور 6 سو فٹ لمبی ہے۔
عام طور پر یہاں ہر روز اپنے آباواجداد کی روح کی تسکین ونجات کے لیے پنڈدان کے لئے ملک وبیرون ملک کے عقیدت مند آتے ہیں تاہم پتر پکش میلہ کے دوران بھی لاکھوں پنڈدانی یہاں آتے ہیں لیکن پھلگو ندی میں پانی نہیں ہونے کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے پنڈدانیوں کی سہولت کے لیے یہ ڈیم تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کا تعمیری کام شروع ہوچکا ہے۔277 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جانے والا یہ ربر ڈیم ریاست کا پہلا ربر ڈیم ہوگا جو توجہ کا مرکز ہوگا۔
مزیدپڑھیں:
نئی ٹیکنالوجی سیکھنے سے طلبہ کو روزگار کے بہتر مواقع ملیں گے: نتیش
اس سلسلے میں گیا ڈی ایم ابھیشیک کمار سنگھ نے کہا کہ گیا ضلع میں ربر ڈیم کے منصوبہ کا کافی دنوں سے مطالبہ کیا جارہا تھا تاکہ یہاں آنے والے عقیدت مندوں کو سال بھر پھلگو ندی کے پانی کا فائدہ مل سکے اور وہ اپنی مذہبی رسومات پنڈدان اور ترپن وغیرہ کو انجام دے سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ربر ڈیم کی تعمیراتی کام دو سال میں مکمل ہونا ہے اس کے ساتھ ہی دیوگھاٹ سے سیتا کنڈ تک اسٹیل پل بھی تعمیر کیا جائے گا اس پروجیکٹ میں اسٹیل برج کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ یہاں آنے والے پنڈدانی آسانی سے سیتہ کنڈ تک جاسکیں اس کی تعمیر سے گیا شہر ایک خوبصورت شہر ہوگا۔