بہار اسمبلی انتخابات میں رائے دہندگان کو آگاہ کرنے کے لیے الیکشن کمیشن نے ایک نئی مہم کا آغاز کیا ہے۔ کووڈ۔19 انفیکشن کو دیکھتے ہوئے اس بار کی مہم مختلف ہوگی۔ اس بار انتخابی مہم روایتی انداز کے بجائے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے ہوگی۔
محکمہ الیکشن کے ڈپٹی سیکریٹری بیجوناتھ سنگھ نے کہا کہ رائے دہندگان کو آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ کووڈ-19 کی وجہ سے تشہیر کی نوعیت بدل گئی ہے۔ اس بار سوشل میڈیا مہم کا ایک اہم حصہ بن جائے گا۔ اس کے لیے سوشل میڈیا آفیسرز کو ضلعی سطح پر تعینات کیا جائے گا۔ اضلاع میں سوشل میڈیا سیل تشکیل دیے جائیں گے۔ بیجوناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ ووٹر بیداری مہم کی تین شکلیں ہوں گی۔
بہار انتخابات کے لیے تین طرح کے ایکشن پلان بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تین قسموں میں پرائمری، ایڈوانس اور انٹینسیو ہیں۔ جیسے جیسے ووٹ ڈالنے کا وقت قریب آئے گا، انٹینسیو مہم کی رفتار تیز ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ملٹی میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال ہوگا۔ وہیں، ڈپٹی الیکشن آفیسر نے بہار قانون ساز کونسل کے انتخابات کے بارے میں بھی جانکاری دی۔ بہار قانون ساز کونسل کے انتخابات کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ 25 جون ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 3 امیدواروں نے اندراج کیا ہے۔ آر جے ڈی کی جانب سے تین افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مقررہ نشستوں سے زیادہ امیدوار انتخابی میدان میں حصہ نہیں لیتے ہیں تو پھر ووٹ ڈالنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ دراصل، بہار میں، بہار قانون ساز کونسل کی 9 نشستوں کے لیے ووٹنگ ہونا ہے۔