گیا: بہار کے گیا میں واقع گیوال بیگہ میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کی نشست منعقد ہوئی جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے پارٹی کے شعبہ یوتھ کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ عادل حسن شریک ہوئے اور یہاں پارٹی کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ AIMIM Concentration on Magadh Division
اس دوران عادل حسن نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مگدھ کمشنری میں ممبرشپ مہم کا آغاز ہوگا جس میں مگدھ کمشنری کے پانچوں ضلعے گیا ، جہان آباد، ارول ، نوادہ اور اورنگ آباد میں دو لاکھ لوگوں کو پارٹی رکنیت دلائی جائے گی اس کے لیے انکے ریاستی صدر اخترالایمان بھی شامل ہوں گے اور اپنی پارٹی کے مشن اور جدوجہد کے ساتھ موجودہ حالات سے واقف کرائیں گے۔
انہوں نے اس دوران اے آئی ایم آئی ایم کے پانچ ممبر اسمبلی کو پارٹی چھوڑ کر آرجے ڈی میں شامل ہونے کے سوال پر کہاکہ عوام ان کو2024کے اسمبلی انتخابات میں سبق سکھائے گی کیونکہ انہیں کامیابی اسد الدین اویسی قومی سربراہ کے مشن اور ویزن ، پارٹی کی آئیڈیالوجی اور اخترالایمان کی محنت سے ملی تھی۔
انھوں نے کہاکہ مگدھ کمشنری میں پارٹی کا دائرہ بڑھے گا۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کی کوشش ہے کہ سیمانچل سے نکل کر اب مگدھ کمشنری میں اپنے دائرے کو بڑھائے کیونکہ مگدھ کمشنری کی 26 اسمبلی حلقوں کے کئی حلقے ایسے بھی ہیں جہاں مسلمانوں کی آبادی چالیس فیصد سے زیادہ ہے خاص بات یہ ہے کہ مگدھ کمشنری کی 26 سیٹوں پر صرف ایک سیٹ رفیع گنج جہاں سے آرجے ڈی کے نہال الدین ممبراسمبلی ہیں جبکہ کسی اور سیٹ پر کوئی مسلم ممبر اسمبلی نہیں ہے کیونکہ ٹکٹ کسی پارٹی نے نہیں دیا تھا۔ مگدھ کمشنری میں ایک ممبر اسمبلی اور ایک قانون ساز کونسل کا رکن مسلم ہے۔