جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سب ڈویژن اوڑی اور بونيار میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو ہر روز سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دور دراز علاقوں سے آنے والے لوگوں کو کئی دنوں تک فائلوں پر دستخط کرانے کیلئے انتظار کرنا پڑتا ہے۔ ایمرجنسی صورتحال میں انہیں کئی کلومیٹر دور سفر کر کے بارہمولہ جاکر اپنا کام کروانا پڑتا ہے۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ نہ ہونے کی وجہ سے تحصیل اوڑی اور بونيار کے سارے سرکاری کاموں کی منظوری نہ ہونے کی وجہ سے کام بند پڑے ہیں۔
مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اوڑی میں سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی اسامی کو جلد پورا کیا جائے تاکہ روز مرہ ہونے والی مشکلات سے انہیں چھٹکارہ مل سکے۔
ایک مقامی شخص عرفان میر نے ای ٹی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا ہمارے اوڑی میں سرکاری کام کاج بند پڑے ہیں، اوڑی میں دو تحصیلوں میں سو سے زیادہ گاؤں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم گورنر انتظامیہ سے یہ گزارش کرتے ہیں کہ اوڑی میں جلد سے جلد ایک نیا سب ڈویژنل مجسٹریٹ بھیجا جائے۔
واضح رہے دو ماہ پہلے سب ڈویژنل مجسٹریٹ اوڑی کا ٹرانسفر ہوا تھا لیکن دو ماہ گزرنے کے بعد بھی ابھی تک سب ڈویژنل مجسٹریٹ کی اسامی خالی ہے۔