بارہمولہ (جموں و کشمیر) : ناردرن ریلوے اتھارٹی نے شمالی کشمیر کے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے متصل سرحدی علاقہ اوڑی تک ریلوے لائن تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کے لئے سروے کو بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ ریلوے اتھارٹی کی جانب سے ضلع بارہمولہ سے اوڑی تک ریلوے لائن کی تعمیر سے سرحدی قصبہ اوڑی کے باشندوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ریلوے کشمیر کے چیف ایریا منیجر، ثاقب یوسف، نے کہا ہے کہ ’’اوڑی تک ریلوے لائن تعمیر کرنے کی غرض سے سروے کرانے کے لئے ٹینڈر اجرا کئے گئے ہیں۔ پچاس کلومیٹر طویل یہ ریلوے لائن ضلع بارہمولہ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن سے اوڑی تک تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔‘‘
سرحدی قصبہ اوڑی کے باشندوں نے علاقے میں ریلوے لائن کی تعمیر پر خوشی ظاہر کی ہے اور انتظامیہ سے فوراً سے پیشتر ریلوے لائن کی تعمیر پر کام شروع کیے جانے کی بھی گزارش کی ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے کہا: ’’اوڑی سب ڈویژن میں ریلوے لائن کی تنصیب سے نہ صرف لوگوں کو سفر میں آسانی ہوگی بلکہ علاقے کی معیشت میں کافی استحکام ہوگا۔‘‘
ایک مقامی تاجر، محمد اعظم خان، نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج کے زمانے میں ٹرین کا سفر انتہائی سستا بھی ہے اور لوگ اسے پسند بھی کرتے ہیں۔ تجارت کے شعبہ سے وابستہ افراد کے لیے بھی ٹرین ایک نئی امید لیکر آئے گی۔ مال کی درآمدات و برآمدات میں کم وقت اور کم پیسہ خرچ ہوگا جس سے چھوٹے تاجرین کو کافی نفع پہنچے گا۔‘‘ تاہم انہوں نے حکام سے فوری طور پر ریلوے لائن کی تعمیر شروع کرنے کی بھی گزارش کی۔ قابل ذکر ہے کہ سنہ 2013 میں کشمیر میں پہلی مرتبہ ٹرین سروس شروع کی گئی تھی، ٹرین اس وقت بانہال سے بارہمولہ تک چل رہی ہے اور ٹرک کو ابھی تک جموں کے ساتھ منسلک نہیں کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: Kashmir First Electric Train کشمیر میں آئندہ ماہ سے الیکٹرک ٹرین شروع ہونے کا امکان