جموں و کشمیر کے سرحدی قصبہ اوڑی کے بونیار علاقے میں محکمہ صحت کی ٹیم گھر گھر جاکر لوگوں کو کورونا مخالف ویکسین کی خوراک فراہم کر رہی ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے روزگار اور دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے دن کے اوقات میں گھروں سے باہر رہنے والے افراد کے لئے ایوننگ ویکسینیشن ڈرائیو شروع کیا گیا ہے۔
بونیار کے بلاک میڈیکل آفیسر نے بتایا کہ 18سے 45برس کی عمر کے افراد ابھی بھی مختلف وجوہات کی بنا پر کورونا مخالف ویکسین کی خوراک لینے کے لیے طبی مراکز کا رخ نہیں کر پا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دن کے اوقات میں تلاش معاش اور دیگر سرمیوں کے سلسلے میں اکثر و بیشتر گھروں سے دور رہنے والے افراد کے لیے شام کے اوقات میں گھر گھر جاکر کورونا مخالف ویکسین کا عمل شروع کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: جموں و کشمیر میں کورونا کے 101 نئے کیسز درج
انہوں نے مزید کہا کہ دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں محکمہ صحت کے افراد نوجوانوں کو کورونا مخالف ٹیکہ فراہم کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: اوڑی: آوارہ جانوروں سے لوگ پریشان
کورونا ویکسین کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بی ایم او بونیار نے بتایا کہ علاقے میں 18سے 45برس کی عمر کے 12242 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے جبکہ ابھی بھی 30 ہزار کے قریب افراد کو ویکسین لگانی باقی ہے۔
بلاک میڈیکل افسر بونيار نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا علاقے میں 45 برس سے زائد عمر کی صد فیصد آبادی کو کورونا مخالف ویکسین دی جا چکی ہے۔ جبکہ 18سے45برس کی عمر کے افراد کو کورونا مخالف ویکسین کا صد فیصد ہدف پورا کرنے کے لیے شبانہ ویکسین کا عمل شروع کیا گیا ہے۔