ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ جی این یتو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جمعہ کے روز سوپور مارکیٹ سے کورونا کے 25 مثبت کیسز درج ہونے کے پیش نظر مارکیٹ اور عوامی مقامات کی مکمل سینیٹائزیشن کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کرنا از بس ضروری بن گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ تمام متعلقین کی رضامندی کے بعد طے پایا گیا کہ لوگوں کے تحفظ کو ملحوظ نظر رکھتے ہوئے سوپور قصبے میں ہفتے سے لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ رہے گا۔
میونسپل کونسل سوپور کی جانب سے سینٹائز اور دیگر جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کا کام شروع کر دیا ہے۔
دریں اثناء اطلاعات کے مطابق سوپور مارکیٹ میں ہفتے کے روز تمام دکانیں بجز میڈیکل دکانوں کے، بند رہیں اور سڑکوں پر پبلک ٹریفک کی نقل وحمل بھی معطل رہی۔
سکیورٹی فورسز نے مارکیٹ کی طرف جانے والی بڑی سڑکوں کو سیل کیا ہے اور لوگوں کی نقل وحمل کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں کورونا متاثرین کے ساتھ ساتھ متوفین کی تعداد میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے۔