ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے آج کووڈ کی تازہ صورتحال کو لیکر جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں اس وقت 337 ایکٹیو کیسز ہیں۔ جن میں سے 39 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں جب کہ 19 مریض آکسیجن سپورٹ پر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ باقی مریض ہوم آئسولیشن میں رکھے گئے ہیں جن کی مسلسل جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ مانیٹرنگ اور کونسل کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ جب کہ ریکوری ریٹ 95% سے زائد بنا ہوا ہے۔
ڈاکٹر اویس احمد نے کہا کہ 18 سے 45 سال کے لئے ویکسینیشن کا عمل پہلے ہی شروع ہوچکا ہے. انہوں نے ایسے افراد کو اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد سے جلد ویکسینیشن کے عمل سے فیض یاب ہوجائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیگر ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ ایس او پیز کو لاگو کرنے اور عوام کے تعاون سے کووڈ کی صورتحال پہلے کی طرح ہی پورے کنٹرول میں ہے۔