آندھرا پردیش کے سرکاری دفاتر کی عمارتوں پر حکمران جماعت وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے رنگ کرنے کے بعد اس مسئلہ پر ہائی کورٹ کی جب توجہ دلائی گئی تو عدالت نے پارٹی کے رنگ نکالنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد اس رنگ میں مٹی کے رنگ کا اضافہ کرتے ہوئے چار رنگ کردیا گیا تھا اور اس سلسلہ میں ایک اور جی او جاری کیا تھا۔
وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے تین رنگ میں ایک رنگ کا اضافہ کیاگیاتھا۔ اس جی او کو سپریم کورٹ کے احکام کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے ایک اور عرضی عدالت میں داخل کی گئی تھی۔ اس عرضی کی سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے یہ ہدایت جاری کی اور اس معاملہ کی آئندہ سماعت 19مئی تک ملتوی کردی۔
ریاست بھر میں سرکاری دفاتر، پنچایت کی عمارتوں پر وائی ایس آرکانگریس پارٹی کا رنگ کرنے پر بعض افراد نے قبل ازیں ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرتے ہوئے سرکاری عمارتوں پر پارٹی کا رنگ کرنے کی شکایت کی تھی اور اس رنگ کو فوری طور پرنکال دینے کی ہدایت دینے کی خواہش کی تھی۔
عرضی کی سماعت کے دوران عدالت نے ایسے رنگ کو فوری نکال دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی کا رنگ سرکاری عمارتوں پر کرنا نامناسب ہے۔ اس طرح اب ریاست میں رنگوں کا تنازعہ اٹھ کھڑا ہوا ہے۔