ضلع اننت ناگ میں کوکرناگ، سونہ براری کا ڈار پورہ اور اس سے ملحقہ کئی علاقے رابطہ سڑک کی عدم دستیابی سے محروم ہیں، جس سے علاقے کی کثیر آبادی کو مشکلات کا سامنا درپیش ہے۔
تحصیل ہیڈ کوارٹر سے صرف 10 کلومیٹر کی دوری پر واقع ڈارپورہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ معمولی بارشوں کے دوران انہیں عبور و مرور میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناگہانی آفت اور ایمرجنسی کے وقت بیماروں کو مین سڑک تک کاندھوں یا چارپائی پر لے جانا پڑتا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسپتال لے جاتے ہوئے کئی بیمار راستے میں ہی فوت ہو گئے، وہیں پہاڑی راستہ عبور کرنے کے دوران کئی افراد معذور بھی ہو چکے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے معمولی بارش کے دوران نہ صرف اسکولی بچے بلکہ عام لوگ بھی گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ دوسری جانب برفباری ہوتے ہی سونہ براری کے کئی دیہات - ڈارپورہ اور اس سے ملحقہ کھوکھر محلہ، خان محلہ - تحصیل مقام سے بالکل منقطع ہو جاتے ہیں، اور پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے لوگ گھروں میں ہی محصور ہو جاتے ہیں۔
لوگوں کو ضروری اشیاء بشمول راشن وغیرہ سر پر یا گھوڑوں پر لاد کر ہی گھر پہنچانا پڑتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ معاملہ کئی بار انتظامیہ کی نوٹس میں لایا جا چکا۔ تاہم حکام نے ان کے مطالبے پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا۔
ای ٹی وی بھارت نے جب یہ معاملہ ایس ڈی ایم کوکرناگ کی نوٹس میں لایا تو انہوں نے فون پر کہا کہ گزشتہ مہینے کوکرناگ میں بیک ٹو ولیج پروگرام منعقد کیا گیا جس میں مذکورہ علاقوں کے مسائل زیر بحث لائے گئے، جن میں سڑک کا مطالبہ بھی شامل ہے۔
ایس ڈی ایم نے بتایا کہ جیسے حکومت کی جانب سے فنڈس واگزار ہوتے ہی علاقے میں رابطہ سڑک کی تعمیر کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔