اننت ناگ: جموں وکشمیر میں صحت عامہ کو مزید بہتر بنانے کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اور عام لوگوں کو اسپتالوں میں بہتر سہولیات مہیا رکھنے کے لیے محکمہ صحت کی جانب سے اسپتالوں، طبی مراکز کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط بنایا جا رہا ہے وہیں اسپتالوں میں ہو رہے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے حکام کی جانب سے طبی مراکز کا اچانک معائنہ کیا جا رہا ہے۔
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے شانگس علاقے میں موجود سب ڈسٹرکٹ اسپتال اور نوگام علاقے کے پبلک ہیلتھ سنٹر کا سی ایم او اننت ناگ ڈاکٹر محمد یوسف زاگو نے شام دیر گئے اچانک دورہ کیا۔ سی ایم او نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مریضوں، تیمارداروں سے طبی و نیم طبی عملہ کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے سردیوں کے ایام میں اسپتال میں گرمی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
- مزید پڑھیں: Show Cause Notice To Private Hospital پرومو ویڈیو کلپ شائع کرنے پر نجی ہسپتال کے خلاف وجہ بتاؤ ںوٹس
سی ایم او نے اسپتال، پی ایچ سی عملہ کو سردیوں کے ان ایام میں علاج و معالجہ کے ساتھ ساتھ بیماروں کو درکار ضروری سہولیات پہنچانے کی پوری کوشش کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’لوگوں، بیماروں کی خدمت نیک نیتی اور خوش اسلوبی سے انجام دینا ہی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔‘‘
واضح رہے کہ جموں و کشمیر ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے طبی ڈھانچے کو مستحکم بنائے جانے کی غرض سے طبی مراکز کا اچانک معائنہ کیا جا رہا ہے۔ عوام کی جانب سے حکام کی پذیرائی کی جا رہی ہے وہیں طبی خدمات کو بہتر بنائے جانے کے حوالہ سے مزید سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جانے پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔