اننت ناگ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے دیسو، ڈکسم علاقے میں ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ ڈاکٹر سید فخرالدین حامد کی نگرانی میں بلاک دیوس کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں نے شرکت کی جنہوں نے ضلع کے ترقیاتی کمشنر کو اپنے مسائل سے واقف کرایا۔ اس موقع پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا گیا۔
بلاک دیوس کے موقع پر مقامی لوگوں نے انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’علاقے میں آج تاریخ رقم ہوئی کیونکہ آج پہلی مرتبہ ایک ڈی سی نے لوگوں کی داد فریاد سننے کے لیے یہاں قدم رکھا۔‘‘ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے کے باشندے اس سے قبل کئی مرتبہ ترقیاتی کمشنرز سے ملاقی ہوئے اور اُس وقت کے ڈپٹی کمشنر صاحبان نے لوگوں کو یقین دلایا تھا کہ وہ ان کے علاقے میں جا کر ان کے مسائل سن کر ان کا ازالہ بھی کریں گے۔ لوگوں نے بتایا کہ ’’آج وہ گھڑی آئی اور ضلع ترقیاتی کمشنر نے لوگوں کی مشکلات کو سنا، کئی مسائل کا حل موقع پر ہی کیا گیا جبکہ چند مسائل کا ازالہ کرنے کی غرض سے ڈی سی نے لوگوں کو یقین دلایا کہ جلد ہی ان کی مشکلات کو دور کی جائیں گی۔‘‘ لوگوں نے اطمنان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں پوری امید ہے کہ انتظامیہ ترجیحاتی بنیاد پر لوگوں کے مسائل کا ازالہ کرنے کی کوشش کرے گی۔‘‘
چونکہ دئسو، ڈکسم کا علاقہ قدرتی لحاظ سے کافی خوبصورتی کا حامل ہے اور اس حوالہ سے علاقے میں سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے حوالے سے ہی بلاک دیوس کا اہتمام کیا گیا تھا تاکہ سیاحت کو بھی فروغ ملے اور بےروزگار نوجوانوں کے لئے بےشمار روزگار کے مواقع بھی فراہم ہو سکیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے ترقیاتی پروجیکٹس کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’’ضلع انتظامیہ اننت ناگ تمام منظور شدہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘ ڈی سی نے مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت لوگوں کو مستفید ہونے کو یقینی بنانے کے لیے پروجیکٹوں کو بروقت مکمل کرنے پر افسران کی محنت اور لگن کی تعریف کی۔
مزید پڑھیں: Block Diwas in Pahalgam: پہلگام میں منعقدہ بلاک دیوس میں ڈی سی اننت ناگ کی شرکت
ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے مزید کہا کہ یہ علاقہ قدرتی خوبصورتی کے اعتبار سے منفرد ہے اور علاقے میں شعبہ سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے ضلع انتظامیہ پرعزم ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’گرچہ مذکورہ علاقے میں سیاح کافی قلیل تعداد میں دکھائی دیتے ہیں تاہم انتظامیہ کی طرف سے کوشش کی جائے گی کہ یہاں آنے والے سیاحوں کے لئے تمام طرح کی خدمات میسر رکھی جائیں، جن سے نہ صرف سیاحوں کو کافی آسائش پیدا ہو گی بلکہ یہاں کے پڑھے لکھے بےروزگار نوجوان عزت اور وقار سے اپنی روزی روٹی کمانے کے بھی اہل ہو سکیں گے۔ دریں اثناء، بلاک دیوس میں ڈی سی کے ہمراہ ضلع کے اے ڈی سی، ایس ڈی ایم کوکرناگ، تحصیلدار لارنو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔