اننت ناگ: اننت ناگ کے اسپورٹس اسٹیڈیم، مہندی کدل، میں آنگن واڑی ہلپرس اور ورکس ایسوسی ایشن سے وابستہ کئی خواتین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکام سے ان کے دیرینہ مطالبات پورا کرنے کی مانگ کی۔ مظاہرین نے نعرہ بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہیں سرکار زبردستی سبکدوش کر رہی ہے جو انہیں بالکل نامنظور ہے۔
احتجاجی خواتین نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کی صورت میں سرکار کو انہیں پینشن زمرے میں شامل کرکے ان کے لیے بھی پیینشن اسکیم لاگو کی جانی چاہئے، جبکہ گزشتہ کئی ماہ سے انہیں اجرتوں سے بھی محروم رکھا گیا ہیں جو فوری طور پر واگزار کی جانی چاہئے۔ انکا کہنا تھا کہ اجرتیں واگزار نہ کیے جانے کے سبب آنگن واڑی ورکرز طرح طرح کی مشکلات سے دوچار ہو رہی ہیں۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ سرکار اور انتظامیہ ان سے ہر طرح کا کام لے رہی ہے، چاہے الیکشن ہو یا ناگہانی آفت ہر وقت آنگن واڑی ورکرز پیش پیش رہتی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ’’عالمی وبا کووڈ میں ڈیوٹی کے باوجود بھی اب تک بقایا جات واگزار نہیں کئے جا رہے ہیں اور نہ ہی جائز مطالبات تسلیم کیے جا رہے ہیں۔‘‘ آنگن واڑی ورکرز کا کہنا ہے کہ مطالبات پورے نہ کیے جانے خصوصاً اجرتیں واگزار نہ کیے جانے سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مزید پڑھیں: Anganwadi workers protest اننت ناگ میں آنگن واڑی ورکرس کا احتجاج، پینشن اور معاوضہ کی مانگ
انہوں نے کہا کہ وہ عرصہ دراز سے، بعض خواتین دہائیوں سے اس محکمہ میں اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں اور اب انہیں خالی ہاتھ اور زبردستی ریٹائر کیا جا رہا ہے جبکہ گزشتہ قریب ایک سال سے تنخواہیں واگزار نہیں کی جا رہی ہیں۔ احتجاجی آنگن واڑی ورکرز نے انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر انکے مطالبات کو جلد از جلد پورا نہیں کیا گیا تو آنے والے وقت میں وہ احتجاج میں شدت پیدا کریں گے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے ان کی بقایہ جات کو فوری طور واگزار کرنے اور دیگر مطالبات کو تسلیم کرنے کی اپیل کی ہے۔